(لاہور نیوز) اورنج لائن ٹرین کی تعمیر کے دوران مبینہ بے ضابطگیوں پر نیب نے ایک اور انکوائری شروع کردی۔
علی ٹاؤن سے ڈیرہ گجراں تک بننے والی میٹرو اورنج لائن ٹرین کی تعمیر کے دوران بے قاعدگیوں کا انکشاف ہوا ہے جس پر نیب اور اینٹی کرپشن کی جانب سے تحقیقات کا آغاز کردیا گیا، چار سال سے اورنج ٹرین کے تعمیراتی کام پر مسلسل تحقیقات کی جارہی ہیں۔
اورنج ٹرین میں مبینہ طور پر ٹھیکیدار کو نوازنے پر ایک اور انکوائری شروع کر دی گئی، نیب نے کاسٹنگ یارڈ نجی کنٹریکٹرز کے حوالے کرنے سے متعلق ریکارڈ طلب کر لیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ مقبول کالسنز کو بلیک لسٹ ڈکلیئر کرنے کے بعد کاسٹنگ یارڈ زیڈ کے بی کمپنی کے حوالے کر دیا گیا، چوبرجی پارک کو کاسٹنگ یارڈ کے طور پر استعمال کرنے میں مبینہ کنٹریکٹر کو نوازا گیا۔
قومی احتساب بیورو (نیب) نے پراجیکٹ ڈائریکٹر سے سوالات کے جواب طلب کر لیے۔
نیب کی جانب سے سوال کیا گیا ہے کہ کیا کاسٹنگ یارڈ کی جگہ نجی کنٹریکٹر کمپنی کو دینے سے متعلق کوئی معاہدہ طے پایا؟ کیا چوبرجی گراؤنڈ کو چار سال استعمال کرنے کا کرایہ وصول کیا گیا؟مفاد عامہ کی جگہ حاصل کرنے کے بعد علاقہ مکینوں کو متبادل جگہ فراہم کی گئی؟
نیب نے سات روز میں ایل ڈی اے کو جواب جمع کرانے کی ہدایت کر دی۔