11 May 2024
(لاہور نیوز) انسداد دہشتگردی عدالت نے سانحہ ماڈل ٹاؤن استغاثہ کیس میں مزید 9 گواہان کے بیانات قلمبند کر لئے۔
انسداد دہشتگردی عدالت لاہور کے جج ارشد جاوید نے سانحہ ماڈل ٹاؤن استغاثہ کیس کی سماعت کی، ملزمان کے وکیل برہان معظم ملک عدالت پیش ہوئے۔
دوران سماعت ذوالفقار بٹ انسپکٹر، اشرف سب انسپکٹر، اخلاق احمد کانسٹیبل، عقیل سب انسپکٹر، بابر سہیل سمیت 9 گواہان کے بیان قلمبند کئے گئے، وکیل برہان معظم نے کہا کہ پولیس کی جانب سے درج مقدمہ میں 94 گواہوں کے بیانات قلمبند ہو چکے ہیں۔
بعدازاں عدالت نے مزید سماعت 17 مئی تک ملتوی کرنے کا حکم دے دیا۔
یاد رہے کہ پاکستان عوامی تحریک نے پولیس افسران اور دیگر کے خلاف استغاثہ دائر کر رکھا ہے۔