(لاہور نیوز) لاہور ہائیکورٹ نے 9 مئی کے مختلف مقدمات میں فوادچودھری کی ویڈیو لنک حاضری کیلئے دائر درخواست پر وکیل صفائی کو تیاری کی مہلت دے دی۔
لاہور ہائیکورٹ میں فواد چودھری کی درخواست پر سماعت چیف جسٹس ملک شہزاد احمد خان نے کی، فواد چودھری اہلیہ حبا فواد کے ہمراہ عدالت میں پیش ہوئے۔
دوران سماعت چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ نے استفسار کیا کہ یہ بتائیں درخواست گزار پر دہشتگردی کے کتنے مقدمات درج ہیں؟ جس پر سابق وفاقی وزیر کے وکیل نے کہا کہ دو کیسز کے علاوہ تمام مقدمات دہشتگردی کے ہیں۔
وکیل کے جواب کے بعد فواد چودھری خود روسٹرم پر آگئے جس پر چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ نے ریمارکس دیئے کہ چودھری صاحب لگتا ہے آپ کو اپنے وکیل پر اعتبار نہیں ہے۔
فواد چودھری نے کہا کہ میں صرف حقائق بتانا چاہتا ہوں، مجھ پر 47 مقدمات درج ہیں، جس پر چیف جسٹس نے کہا کہ اگر آپ نے خود بحث کرنی ہے تو پھر ہمیں بتا دیں، اس کے بعد عدالتی ہدایت پر فواد چودھری دوبارہ اپنی نشست پر بیٹھ گئے۔
بعدازاں فواد چودھری کے وکیل کی جانب سے تیاری کیلئے مزید مہلت طلب کی گئی، عدالت عالیہ نے فواد چودھری کے وکیل کو تیاری کے لیے مزید مہلت دیتے ہوئے درخواست پر مزید کارروائی 16 مئی تک ملتوی کر دی۔