(لاہور نیوز) وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) کےانسدادِ انسانی سمگلنگ سرکل لاہور کی کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے۔
ایف آئی اے انسانی سمگلنگ سرکل لاہور نے مختلف کارروائیوں کے دوران 2 انسانی سمگلروں کو گرفتار کر لیا، ملزمان کو جانڈیوالہ روڈ شیخوپورہ اور لاہور سے گرفتار کیا گیا، گرفتار ملزمان میں ارشاد حسین اور ساجد حسین شامل ہیں۔
حکام نے بتایا ہے کہ ملزم ارشاد حسین سادہ لوح شہریوں کو ملازمت کا جھانسہ دے کر لاکھوں روپے بٹورنے میں ملوث تھا، ملزم نے شہری کو دبئی بھجوانے کے لیے 3 لاکھ 12 ہزار روپے ہتھیائے۔
ایف آئی اے حکام کے مطابق ملزم ساجد حسین نے شکایت کنندہ سے بیرون ملک ملازمت کے نام پر لاکھوں روپے بٹورے، ملزم نے شکایت کنندہ سے 5 عدد پاسپورٹ اور 10 لاکھ روپے وصول کئے تھے۔
حکام نے مزید بتایا کہ ملزم ساجد حسین پی آئی اے میں ملازم ہے جو پیسے وصول کرنے کے بعد شہری کو سعودی عرب بھجوانے میں ناکام رہا، گرفتاری کے بعد ملزمان سے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے۔