(لاہور نیوز) ایرانی صدر ابراہیم رئیسی دورہ پاکستان کے دوران آج دوسرے روز پہلے لاہور آئیں گے اور اس کے بعد کراچی پہنچیں گے۔
ایران کے صدر ابراہیم رئیسی کی لاہور آمد پر وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز معزز مہمان کا استقبال کریں گی، ایرانی صدر مینار پاکستان، مزار اقبال، بادشاہی مسجد اور شاہی قلعے کا دورہ کریں گے، اس کے علاوہ وزیر اعلیٰ کی جانب سے ایرانی صدر کے اعزاز میں ظہرانے کا اہتمام ہو گا، گورنر پنجاب سے ملاقات کے بعد ایرانی صدر کراچی روانہ ہو جائیں گے۔
ٹریفک پلان جاری
ایران کے صدر کی لاہور آمد کے سلسلے میں رنگ روڈ کو سکیورٹی کے پیش نظر آج سہ پہر 3 بجے تک بند رکھا جائے گا، رنگ روڈ پر کسی قسم کی ٹریفک کی آمد و رفت کی اجازت نہیں ہو گی، لاہور سے آنے اور جانے والی ٹریفک کالا شاہ کاکو انٹرچینج کی طرف ڈائیورٹ ہو گی۔
اسلام آباد میں نئی سڑک ایران کے نام سے منسوب
ادھر ایرانی صدر کے دورہ پاکستان پر حکومت نے بڑا تحفہ دیتے ہوئے اسلام آباد میں نئی تعمیر ہونے والی سڑک کو پڑوسی ملک ایران کے نام سے منسوب کر دیا، کابینہ نے 21 اپریل کو وزارت داخلہ کی سمری کی منظوری دی، الیونتھ ایونیو سڑک کا نیا نام "ایران ایونیو" رکھا گیا ہے۔