(لاہور نیوز) پاکستان تحریکِ انصاف کے رہنما شاہ محمود قریشی کے صاحبزادے زین قریشی نے کہا ہے کہ 21 تاریخ کو الیکشن نہیں ریفرنڈم ہونے جا رہا ہے۔
لاہور کی انسدادِ دہشت گردی عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے زین قریشی نے کہا کہ جیسے 8 فروری کو عوام نے ووٹ دیا ایسے ہی 21 اپریل کو ووٹ دینا ہوگا۔
زین قریشی کا کہنا ہے کہ عوام نے 8 فروری کو ہمیں ووٹ دیا اور ہمارا ووٹ چوری کیا گیا، فارم 45 اور فارم 47 کو تبدیل کیا گیا، میری عوام سے گزارش ہے کہ ہم نے اپنا ووٹ کاسٹ بھی کرنا ہے اور ووٹ کی حفاظت بھی کرنی ہے۔
پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ 21 اپریل کو آنے والا رزلٹ بانی پی ٹی آئی اور شاہ محمودقریشی کی رہائی کا آرڈر ہو گا، جس طرح سے ہم نے مہم دیکھی اس حوالے سے پاکستان کی مقبول ترین جماعت پی ٹی آئی ہے۔
زین قریشی کا مزید کہنا تھا کہ میں اڈیالہ جیل گیا تو بانی پی ٹی آئی نے پیغام دیا کہ 21 تاریخ کو نکلیں اور پی ٹی آئی کو جتوائیں، 21 اپریل کو ہم نے ووٹ اور جمہوریت کے ذریعہ بدلہ لینا ہے، میاں نواز شریف کا مستقبل اس ملک میں نہیں دیکھ رہے۔