18 Apr 2024
(ویب ڈیسک) محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے بیشتر علاقوں میں متعدد مقامات پر بارش کا امکان ہے۔
رپورٹ کے مطابق خیبرپختونخوا، کشمیر اور گلگت بلتستان میں بارش متوقع ہے، پنجاب، بلوچستان میں مزید بارش کا امکان ہے، اسلام آباد میں بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے، بعض مقامات میں موسلادھار بارش اور ژالہ باری کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق 18 اور 19 اپریل کو دیر، سوات، چترال، کوہستان کے ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے، مانسہرہ، گلگت بلتستان اور کشمیر کے مقامی ندی نالوں میں بھی طغیانی کا اندیشہ ہے۔
رپورٹ کے مطابق دریائے کابل سے ملحقہ علاقوں میں طغیانی جبکہ بالائی خیبر پختونخوا، مری، گلیات، کشمیر اور گلگت بلتستان میں لینڈ سلائیڈنگ کا اندیشہ ہے، تیز بارش کے باعث کھڑی فصلوں اور کمزور انفرا سٹرکچر کو نقصان پہنچنے کا بھی خطرہ ہے۔