(ویب ڈیسک) سعودی وزیرخارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے کہا ہے کہ پاکستان کی معاشی و اقتصادی ترقی کے لئے کردار ادا کریں گے۔
پاکستان کے وزیر خارجہ اسحاق ڈار کے ہمراہ نیوز کانفرنس کرتے ہوئے سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے کہا کہ پاکستان کے دورے سے بہت خوشی ہوئی، آئندہ چند ماہ میں پاکستان میں سعودی سرمایہ کاری کی طرف پیشرفت ہو گی۔
شہزادہ فیصل بن فرحان نے کہا کہ پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع موجود ہیں، سرمایہ کاری سے متعلق اہم کام آئندہ چند مہینوں میں ہو گا، ہم باہمی اقتصادی خوشحالی و علاقائی سالمیت کے لئے مل کر کام کرنا جاری رکھیں گے۔
سعودی وزیر خارجہ نے دورہ پاکستان کو مثبت قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان تجارت کو بڑھائیں گے، ہم مل کر باہمی مفاد حاصل کر سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ غزہ میں فوری سیزفائر ہونا چاہئے، غزہ میں 33 ہزار فلسطینی شہید ہو چکے ہیں، عالمی برادری غزہ میں جنگ بندی کرائے، عالمی برادری اپنی ذمہ داریاں ادا کرنے میں ناکام رہی، ہم اپنے خطے میں محاذ آرائی نہیں چاہتے۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا کہ سعودی وزیر خارجہ کو خوش آمدید کہتے ہیں، سعودی عرب کے وفد کا استقبال کر کے خوشی محسوس ہو رہی ہے، سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے مشکور ہیں۔
وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستانی حکومت اور عوام میں سعودی عرب کا احترام ہے، آج سعودی عرب کے وفد کو باضابطہ طور پر ایس آئی ایف سی سے آگاہ کیا گیا، سعودی وفد کو زراعت، کان کنی اور توانائی کے شعبے میں سرمایہ کاری کے مواقع سے آگاہ کیا گیا، سعودی وفد کے ساتھ مختلف شعبوں کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ ایس آئی ایف سی پلیٹ فارم کے ذریعے پاکستان سرمایہ کاری بڑھانا چاہتا ہے، پاکستان سرمایہ کاری کا مرکز بننا چاہتا ہے، سرمایہ کاروں کو ون ونڈو سہولت فراہم کریں گے، اس موقع پر دوطرفہ تعلقات کو مزید وسعت دینے پر اتفاق کیا گیا۔
وزیر خارجہ نے کہا کہ فلسطینی بھوک سے مر رہے ہیں، غزہ صورتحال پر عالمی ضمیر کو جاگ جانا چاہئے، پاکستان کو مشرق وسطیٰ کی صورتحال پر بہت تشویش ہے۔