(لاہور نیوز) شہریوں کو بجلی کے زائد یونٹس ڈالنے کے کیس میں گرفتار ایکسیئن واپڈا باغبانپورہ کو 4 روزہ جسمانی ریمانڈ پر ایف آئی اے کے حوالے کردیا گیا۔
ضلع کچہری میں شہریوں کو بجلی کے زائد یونٹس ڈالنے کے مقدمہ کی سماعت ہوئی، جوڈیشل مجسٹریٹ رضوان احمد نے کیس کی سماعت کی، ایف آئی اے لاہور نے ملزم رب یار کو عدالت میں پیش کیا۔
دوران سماعت ایف آئی اے کی جانب سے چودھری سجاد ایڈووکیٹ پیش ہوئے، ایف آئی اے نے ملزم کے 14 روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی۔
عدالت نے ایف آئی اے کی استدعا مسترد کردی اور ملزم کا 4 روز کا جسمانی ریمانڈ منظور کرتے ہوئے تحریری حکم جاری کردیا۔
جوڈیشل مجسٹریٹ رضوان احمد نے تحریری حکم میں کہا کہ سرکاری وکیل کے مطابق ملزم رب یار نے 2021 اور 2022 میں بجلی کے زائد یونٹس ڈالے، جو شہری 100یونٹس سے کم استعمال کرتے تھے ان کو بھی چھ چھ سو یونٹس ڈالے گئے۔
تحریری حکم میں مزید کہا گیا ہے کہ ایف آئی اے نے ملزم سے تفتیش کے لیے 14روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی، عدالت ملزم کا 4 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرتی ہے۔