(لاہور نیوز) عید الفطر پر پولیو کی روک تھام کے لئے خصوصی پلان پر عملدرآمد جاری ہے۔
لاہور سمیت پنجاب بھر میں 92 سائٹس پر پولیو ویکسین پلائی جا رہی ہے، خصوصی پوائنٹس پر 500 سے زائد پولیو ورکرز ڈیوٹی میں مصروف ہیں، خصوصی پوائنٹس کی منظوری پنجاب انسداد پولیو پروگرام کے سربراہ خضر افضال نے دی۔
سربراہ پنجاب انسداد پولیو پروگرام خضر افضال کا کہنا ہے کہ خصوصی پولیو ویکسی نیشن سائٹس سے وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے میں مدد ملے گی، پنجاب میں جنوری 2024ء سے مارچ تک 8 ماحولیاتی نمونے مثبت آ چکے ہیں جس میں پولیو وائرس کی نشاندہی ہوئی ہے۔
انہوں نے کہا تمام نمونوں میں پایا جانے والا وائرس بیرونی ہے، لاہور، ملتان، راولپنڈی، اوکاڑہ اور فیصل آباد میں پولیو وائرس پایا گیا ہے، خصوصی پوائنٹس پر انسداد پولیو ٹیمیں 20 اپریل تک تعینات رہیں گی، عید کے روز بھی انسداد پولیو ٹیمیں فرائض انجام دیتی رہیں، لاہور ریلوے سٹیشن پر بھی بچوں کو پولیو ویکسین پلائی گئی، انسداد پولیو ورکرز کا کہنا ہے کہ ہر بچے کو قطرے پلانا انتہائی اہم ہے۔