(لاہور نیوز) رقوم کی ایڈوانس ادائیگی کے باوجود لاہورکے چلڈرن ہسپتال میں نرسری کے بچوں کیلئے 45 لاکھ سے خریدی گئی مشینری نہ پہنچ سکی۔
چلڈرن ہسپتال لاہور میں نرسری کے بچوں کے لئے دو ٹرانسپورٹ انکیو بیٹر کی خریداری کیلئے ٹھیکیدار نے انتظامیہ سے ملی بھگت کرکے 100 فیصد رقم 45 لاکھ ایڈوانس میں حاصل کر لئے، خریداری کا عمل مکمل ہونے کے باوجود مشینری ہسپتال نہ پہنچی۔
ٹھیکیدار کے ہی ایک دوست نے محکمہ اینٹی کرپشن میں درخواست دیدی، درخواست میں انکشاف کیا کہ جس انکیو بیٹر کی ایڈوانس پیمنٹ ہوئی وہ مشینری تاحال ہسپتال کو دستیاب نہیں ہے، ذرائع کے مطابق رقم کی آپس میں بندر بانٹ کر لی گئی، معاملے کی چھان بین کیلئے چلڈرن ہسپتال انتظامیہ نے پروفیسر اظہر شاہ کی سربراہی میں انکوائری کمیٹی تشکیل دیدی۔
اس سے پہلے سابق انکوائری کمیٹی کی رپورٹ پر اب تک صرف سٹور کیپر یاسین کو معطل کیا گیا ہے۔