(لاہور نیوز) مغربی ہواؤں کے پاکستان میں داخل ہونے کے بعد لاہور سمیت ملک کے میدانی اور پہاڑی علاقوں میں کہیں ہلکی اور کہیں موسلادھار بارش ہوئی،جس کے بعد موسم خوشگوار ہوگیا اور پہاڑی علاقوں میں سردی دوبارہ لوٹ آئی۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب میں رات گئے گرج چمک کے ساتھ کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش ہوئی، صوبائی دارالحکومت لاہور میں شملہ پہاڑی، لکشمی چوک، گوالمنڈی، قرطبہ چوک، ڈیوس روڈ، مال روڈ، اچھرہ، قینچی، چونگی امر سدھو، گجومتہ، اسلامپورہ، بند روڈ، انار کلی، شالامار باغ، ماڈل ٹاؤن، گلبرگ، گارڈن ٹاؤن سمیت دیگر مقامات پر بادل برسے۔
مریدکے، شیخوپورہ، ننکانہ صاحب، صفدر آباد، جڑانوالہ، فیصل آباد، چنیوٹ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، کامونکی، اوکاڑہ، جھنگ، بہاولپور، رینالہ خورد، کوٹ ادو، بھلوال، کبیروالا، حافظ آباد، منچن آباد، شورکوٹ، پاکپتن سمیت پنجاب کے دیگر علاقوں میں بھی رات گئے بادل برس پڑے، رحیم یار خان شہر اور گرد و نواح میں بارش کے ساتھ ژالہ باری بھی ہوئی۔
پنجاب میں رات گئے ہونے والی بارش کے باعث گرمی کا زور ٹوٹنے سے موسم خوش گوار ہو گیا، موسم ٹھنڈا ہونے کی وجہ سے روزہ داروں کے چہرے خوشی سے کھل اٹھے، بعض مقامات پر بجلی کا ترسیلی نظام متاثر ہونے سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا بھی کرنا پڑا، بارش کی وجہ سے گندم کی فصل کو بھی نقصان پہنچنے کا خدشہ پیدا ہو گیا۔
مغربی ہواؤں کی وجہ سے بلوچستان میں کوئٹہ، بارکھان، لورالائی، ژوب، نوشکی، مستونگ اور ہرنائی سمیت مختلف علاقوں میں موسلادھار بارش ہوئی، سبی اور گردونواح میں بارش کے ساتھ ساتھ ژالہ باری بھی ہوئی، بارش کے باعث موسم انتہائی یخ بستہ ہو گیا۔
بلوچستان کے علاوہ پشاور، خیبر، لنڈی کوتل سمیت خیبرپختونخوا کے بیشتر علاقوں میں بھی بادل جم کر برسے جبکہ پشاور اور خیبر میں بارش کے ساتھ ژالہ باری بھی ہوئی، پارہ چنار، صدہ و گرد و نواح میں مسلسل کئی گھنٹوں تک موسلا دھار بارش جاری رہی، شدید بارشوں کے نتیجے میں پاک افغان شاہراہ سیلابی ریلے کی وجہ سے بند ہو گئی۔
ادھر پشاور کے علاقے ورسک روڈ شیر کلے میں گھر کی خستہ حال چھت گرنے کی وجہ سے 3 افراد ملبے تلے دب گئے، ریسکیو ٹیموں نے تینوں افراد کو زخمی حالت میں ملبے سے نکال لیا، زخمیوں میں دو بچے اور ایک خاتون شامل ہے۔