(ویب ڈیسک) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان اپنی سالمیت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے وزارت خارجہ میں موجود سفرا کے اعزاز میں عشائیہ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ رمضان کے بابرکت موقع پر آپ سب کودل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتا ہوں، رمضان کا مقدس مہینہ ناصرف روزہ رکھنے بلکہ قربانی اور نظم وضبط کا درس دیتا ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ رمضان ضرورت مند اور مجبور افراد کے ساتھ احترام اور دیکھ بھال کے جذبے کو فروغ دیتا ہے، آج ہمیں ان لازوال اقدار کی سب سے زیادہ ضرورت ہے، پاکستان میں ہر کسی کو اپنے عقیدے کے مطابق عبادت گاہوں میں جانے کی مکمل آزادی ہے۔
شہباز شریف نے مزید کہا کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی حالیہ قرارداد کا خیرمقدم کرتے ہیں، پاکستان دیگر ملکوں کے ساتھ تجارتی تعلقات بڑھانا چاہتا ہے، پاکستان بطور ذمہ دار ملک امن اور خوشحالی کے لئے علاقائی کردار ادا کرتا رہے گا۔
انہوں نے کہا کہ معاشی بحالی ہماری حکومت کا مرکزی ایجنڈا ہے، پاکستان تمام ممالک کے ساتھ دوستانہ تعلقات رکھنا چاہتا ہے، پاکستان کسی سے عداوت نہیں رکھنا چاہتا، فلسطینی عوام کی حق خودارادیت کی منصفانہ جدوجہد کی پاکستان بھرپور حمایت کا اعادہ کرتا ہے۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ سلامتی کونسل کی قرارداد کے فوری نفاذ کے لئے مخلصانہ کوشش کرنی چاہئے، فلسطینیوں کے خلاف اسرائیلی مظالم کا خاتمہ ہونا چاہئے، پاکستان مقبوضہ کشمیر کے لوگوں کے ساتھ غیر متزلزل یکجہتی کا اعادہ کرتا ہے۔