(لاہور نیوز) ملک میں آلودگی کے اعتبار سے عالمی ادارے کی رپورٹ شکوک کی زد میں آ گئی۔
فضائی ماحول کی نگرانی اور تجزیہ کرنے والے عالمی ادارے آئی کیو ایئر نے2023کے دوران پاکستان کو آلودہ ترین رہنے والا دنیا کا دوسرا ملک قرار دیا ہے جبکہ بنگلہ دیش پہلے اور بھارت کو تیسرے نمبر پر آلودہ ترین ملک قرار دیا گیا۔
دوسری طرف حقائق یہ بتاتے ہیں کہ آئی کیو ایئر کے اپنے اعدادوشمار کے مطابق 2023 کے دوران انتہائی آلودہ رہنے والے پہلے پچاس شہروں میں سے 46 شہر بھارت میں واقع ہیں، پھر بھی آلودگی کے اعتبار سے بھارت کو تیسرے نمبر پر رکھا گیا ہے۔
شہروں میں آلودگی کے اعتبار سے 2023 کے دوران لاہور دنیا کا سب سے زیادہ آلودہ شہر قرار دیا گیا جبکہ بھارتی دارالحکومت نئی دہلی کو دوسرے نمبر پر رکھا گیا لیکن اعدادوشمار کے مطابق 2023 کے دوران نئی دہلی سب سے زیادہ بار دنیا کا آلودہ ترین شہر رہا۔
آئی کیو ایئر کی جاری کردہ رپورٹ نے اِس ادارے کی ساکھ پر بہت سے سوالات اُٹھا دیئے ہیں، قرار یہ بھی دیا جا رہا ہے کہ رپورٹ کے پس پردہ کاروباری مقاصد بھی کارفرما ہو سکتے ہیں۔