(لاہور نیوز) پاکستان سپر لیگ سیزن 9 کے 15ویں میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے کراچی کنگز کو 7 وکٹوں سے شکست دیدی۔
کراچی کے نیشنل سٹیڈیم میں ہونیوالے پی ایس ایل سیزن 9 کے 15 ویں میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان نے ٹاس جیت کر کراچی کنگز کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تاہم پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے کراچی کنگز نے مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 165 رنز بنائے۔
اسلام آباد یونائیٹڈ نے 166 رنز کا ہدف 19 ویں اوور میں 3 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا، کولن منرو نے 82 اور ایلیکس ہلز نے 47 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔
قبل ازیں کراچی کنگز کی جانب سے اننگز کا آغاز کپتان شان مسعود اور ٹم سیفرٹ نے کیا تاہم شان مسعود 27 اور ٹم سیفرٹ 8 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے، لیوس ڈوپلوئے 8، شعیب ملک اور محمد نواز 6،6 رنز بنا کر چلتے بنے، کیرون پولارڈ 48 اور عرفان خان 27 رنز کیساتھ ناقابل شکست رہے۔
اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے عماد وسیم، نسیم شاہ، آغا سلمان اور حنین شاہ نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔