(لاہور نیوز) میو ہسپتال کا 250 بیڈز کا سٹیٹ آف دی آرٹ ایمرجنسی بلاک 3 ماہ کی ریکارڈ مدت میں مکمل ہو گیا۔
وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے میو ہسپتال کی اپ گریڈڈ ایمرجنسی بلاک کا افتتاح کر دیا۔ انہوں نے ایمرجنسی بلاک کا دورہ کیا اور فراہم کردہ سہولتوں کا جائزہ لیا۔ محسن نقوی نے گراؤنڈ فلور، فرسٹ فلور، سیکنڈ فلور، تھرڈ فلور، فورتھ فلور اور پانچویں فلور پر وارڈز اور دیگر سہولتوں کا معائنہ کیا اور پرائیویٹ کمروں ، پتھالوجی لیب کا وزٹ بھی کیا۔
بریفنگ میں محسن نقوی کو بتایا گیا کہ پاکستان کی سب سے بڑی ایمرجنسی میں علاج معالجے کی سہولتیں پرائیویٹ ہسپتالوں سے بہتر ہیں۔ 9 جدید آپریشن تھیٹرز ، بہترین ماحول، معیاری سہولتیں ، ڈسپوزل بیڈ شیٹس ، مریضوں کا ڈیجیٹل ریکارڈ رکھنے کی سہولت بھی موجود ہے۔
اپنے دورے کے دوران وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے استقبالیہ کاؤنٹر، نرسنگ کاؤنٹر، ڈاکٹرز رومز اور فارمیسی کا وزٹ کیا۔ وہ سرجیکل، آئی سی یو اور اینڈوسکوپی ایمرجنسی بلاک بھی گئے۔
وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے آپریشن تھیٹرز میں جدید ٹیکنالوجی کی تعریف کی اور ایمرجنسی بلاک کی اپ گریڈیشن کے کاموں میں اعلی معیار کو سراہا۔
صوبائی وزیر سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن ڈاکٹر جاوید اکرم، صوبائی وزیر پرائمری و سیکنڈری ہیلتھ ڈاکٹر جمال ناصر، چیف سیکرٹری، انسپکٹر جنرل پولیس، سیکرٹری صحت، سیکرٹری تعمیرات و مواصلات، کمشنر لاہور ڈویژن، سی سی پی او اور متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔