(ویب ڈیسک) الیکشن کمیشن آف پاکستان نے پی ٹی آئی کا بلے کا نشان برقرار رکھتے ہوئے 20 روز میں انٹرا پارٹی الیکشن کروانے کا حکم دے دیا۔
الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی کے انٹراپارٹی انتخابات سے متعلق محفوظ فیصلہ سنادیا۔
ای سی پی نے فیصلے میں تحریک انصاف کے انٹراپارٹی انتخابات کو کالعدم قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ پی ٹی آئی نے آئین کے مطابق انٹرا پارٹی الیکشن نہیں کروائے، پاکستان تحریک انصاف 20 روز کے اندر دوبارہ انٹرا پارٹی انتخابات کروائے۔
فیصلے میں مزید کہا گیا ہے کہ پی ٹی آئی انتخابات کے بعد 7 روز کے اندر رپورٹ جمع کروائے، پارٹی الیکشن نہ کرانے پر پی ٹی آئی انتخابی نشان کیلئے نااہل ہوگی۔
واضح رہے کہ الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی انٹرا پارٹی الیکشن سے متعلق 13 ستمبر کو فیصلہ محفوظ کیا تھا۔
الیکشن کمیشن کا فیصلہ ہائیکورٹ میں چیلنج کرنے کا اعلان
دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف نے الیکشن کمیشن کے فیصلے کو ہائی کورٹ میں چیلنج کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے تحریک انصاف کے وکیل بیرسٹر گوہر نے کہا کہ الیکشن کمیشن کے فیصلے سے بہت افسوس ہوا، انصاف کے تقاضے پورے نہیں ہوئے۔
انہوں نے کہا کہ پارٹی نے الیکشن آئین و قانون کے مطابق کروائے، الیکشن کمیشن نے یہ نہیں کہا تھا کہ پارٹی انتخابات آئین کے مطابق نہیں ہوئے بلکہ کہا تھا کہ دستاویزات پورے نہیں ہیں، ہم الیکشن کمیشن کے انٹرا پارٹی الیکشن کیس کے فیصلے کو چیلنج کریں گے۔