(لاہور نیوز) لاہور ہائیکورٹ نے آئین کے آرٹیکل 62 اور 63 پر عملدرآمد کروانے کے لیے متفرق درخواست پر فریقین کو نوٹسز جاری کردیئے۔
لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد کریم نے شہری منیر احمد کی درخواست پر سماعت کی،درخواست گزار کی جانب سے وکیل اظہر صدیق ایڈووکیٹ عدالت پیش ہوئے۔
عدالت عالیہ نے الیکشن کمیشن ، وفاقی اور صوبائی حکومت کو نوٹسز جاری کردیئے۔
درخواست گزار کی جانب سے مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ ملک میں عام انتخابات 8 فروری کو ہونے جارہے ہیں، الیکشن کمیشن نے سزا یافتہ ،بنک ڈیفالٹر ،ٹیکس چور،توہین عدالت کرنے والوں کی فہرستیں تیار نہیں کیں۔
درخواست میں مزید کہا گیا ہے کہ جو امیدوار انتخابی میدان میں اترے اس کا تمام ڈیٹا الیکشن کمیشن کی ویب سائٹ پر موجود ہو، الیکشن کمیشن کو اس حوالے سے مراسلے لکھے گئے مگر الیکشن کمیشن نے کوئی جواب نہیں دیا۔
درخواست گزار نے لاہور ہائیکورٹ سے استدعا کی ہے کہ عدالت الیکشن کمیشن کو انتخابی امیدواروں کا ڈیٹا مرتب کرکے ویب سائٹ پر شائع کرنے کی ہدایت کرے۔
بعدازاں عدالت نے الیکشن کمیشن، وفاقی اور صوبائی حکومت کو نوٹسز جاری کرتے ہوئے سماعت ملتوی کر دی۔