(لاہور نیوز) نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے کہا ہے کہ بچوں سے زیادتی کے واقعات ہرگز برداشت نہیں کریں گے۔
چکوال میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کا کہنا تھا کہ ہم قانون نہیں بناسکتے،لیکن بنے ہوئےقانون کی حکمرانی یقینی بنائیں گے، کوشش کریں گے بچوں سے زیادتی کا ایسا واقعہ دوبارہ پیش نہ آئے، میڈیکل نہ کرانا متاثرہ بچوں کے والدین کا حق ہے، ہم والدین پر زور زبردستی نہیں کرسکتے، ہم کسی والدین کو یہ نہیں کہہ سکتے کہ آپ زبردستی یہ چیز کرائیں۔
محسن نقوی نے کہا کہ ہم بچوں سے علیحدہ کمرے میں ملے ہیں، ہمیں متاثرہ خاندان کی رازداری کا احترام کرنا چاہیے، ہمیں نہ بچوں کے نام بتانے چاہئیں نہ تصاویر دکھانی چاہئیں، متاثرہ بچوں کی رازداری کا احترام ضروری ہے۔
نگران وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ جتنا ہمارے پاس وقت ہے کچھ نہ کچھ ضرور کریں گے، بچوں کو ایسے واقعات سے بچانے کیلئے آئی جی پنجاب کو ٹاسک دیا گیا ہے، آئی جی عثمان انور تحفظ مراکز کے حوالے سے سوشل میڈیا پر بتادیں گے، جو بھی انصاف کا تقاضا ہے اس کو پورا کیا جائے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ بچوں سے زیادتی کے واقعات ہر گز برداشت نہیں کریں گے، ہمارا اگلا ٹارگٹ ہے متاثرہ بچوں کی تعلیم،حفاظت کیلئے جو کچھ ہوسکا کریں گے۔
واضح رہے کہ نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی گزشتہ روز مدرسے کے استاد کی زیادتی کا نشانہ بننے والے بچوں سے ملاقات کے لیے خصوصی طور پر چکوال پہنچے تھے۔