(ویب ڈیسک) نگران حکومت نے پی آئی اے کو مزید فنڈز دینے سے انکار کرتےہوئے قومی ایئرلائن کی نجکاری کا عمل ہنگامی بنیادوں پر شروع کرنے کا فیصلہ کر لیا۔
پی آئی اے کے سنگین مالی بحران پر نگران وزیراعظم کی زیرصدارت اجلاس کا احوال سامنے آگیا۔ نگران وفاقی حکومت نے پی آئی اے کو مزید فنڈز دینے سے انکار کر دیا۔
اجلاس میں پی آئی اے کی نجکاری کا عمل ہنگامی بنیادوں پر شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جس کے لیے نگران وزیراعظم نے نجکاری کمیشن کو پی آئی اے کی نجکاری سے متعلق گرین سگنل دیدیا۔
ذرائع کے مطابق نجکاری کمیشن نے پی آئی اے کو فنڈز کے اجرا کی مخالفت کرتے ہوئے تجویز دی ہے کہ فنڈز کے اجرا کے بجائے پی آئی اے کی نجکاری کا عمل تیز کیا جائے۔
سیکرٹری ہوا بازی نے کہا کہ پی آئی اے کی تشکیل نو کے لیے 8 سے 10ماہ درکار ہوں گے آپریشن چلانے کے لیے پی آئی اے کو فنڈز کا اجرا کیا جائے۔
نگران وزیراعظم نے نجکاری کمیشن کے موقف کی حمایت کرتے ہوئے وفاقی وزیر نجکاری کو خصوصی ہدایات جاری کر دیں۔ نگران وزیراعظم نے پی آئی اے نجکاری کا عمل ہنگامی بنیادوں پر مکمل کرنےکی ہدایت کی۔