(لاہور نیوز) نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کا زرعی شعبہ کے لئے بڑا اقدام، پنجاب میں بیج اور نئی ورائٹی کی منظوری کے 2 سال کے طویل عمل کوآسان اور فاسٹ ٹریک بنا دیا گیا۔
وزیراعلیٰ محسن نقوی کی زیر صدارت پنجاب سیڈ کونسل کا خصوصی اجلاس ہوا جس میں صوبہ میں بیج اور نئی ورائٹی کی منظوری کے عمل کو بہتر کرنے کے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے محسن نقوی کا کہنا تھا کہ پنجاب میں بیج اور ورائٹی کی منظوری کے عمل کو فاسٹ ٹریک اور بہتر کردیا گیا ہے، وفاقی حکومت کی خصوصی کمیٹی کی منظوری کے بعد اب پنجاب سیڈ کونسل سے بیج اورورائٹی کی منظوری دوبارہ نہیں لینا پڑے گی۔
انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر ایگری کلچر ریفارمز پروگرام کے تحت بیج اور نئی ورائٹی کی منظوری کیلئے اب سالوں انتظار نہیں کرنا پڑے گا، بیج اور نئی ورائٹی کی منظوری کا پراسیس فاسٹ ٹریک ہونے سے زرعی شعبہ تیزی سے پھلے پھولے گا، اس اقدام سے نئے بیج اور نئی ورائٹی مارکیٹ میں آئے گی اورکاشتکار کو بے پناہ فائدہ ہوگا۔
وزیراعلیٰ پنجاب کا مزید کہنا تھا کہ اس اقدام سے زرعی پیداوار میں اضافہ ہوگا اور کاشتکار کی آمدن بڑھے گی۔
خیال رہے کہ قبل ازیں بیج اور نئی ورائٹی کی وفاقی حکومت کی کمیٹی سے منظوری کے بعد دوبارہ منظوری کیلئے پنجاب سیڈ کونسل کے پاس آنا پڑتا تھا اوراس پورے عمل میں تقریباً 2 سال کا عرصہ لگتا تھا۔