(لاہور نیوز) سموگ کے بڑھتے ہوئے اثرات کے پیش نظر محکمہ سکول ایجوکیشن پنجاب نے صوبے بھر کے سکولوں کے لیے نئی حفاظتی ہدایات جاری کر دی ہیں، جن کے تحت سکولوں کی حدود میں کوڑا کرکٹ اور دیگر اشیا جلانے پر مکمل پابندی عائد کر دی گئی ہے۔
محکمہ سکول ایجوکیشن نے طلبہ، اساتذہ اور والدین میں سموگ کے مضر اثرات سے متعلق آگاہی مہم چلانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بچوں کو ماسک کے استعمال، مناسب مقدار میں پانی پینے اور غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر نکلنے سے گریز کرنے کی تلقین کی جائے۔
نئی ہدایات کے مطابق دمہ اور سانس کے امراض میں مبتلا بچوں کا خصوصی خیال رکھا جائے جبکہ جسمانی سرگرمیوں کے دوران بھی احتیاطی تدابیر اختیار کی جائیں۔ سموگ کے زیادہ اثرات والے اوقات میں سکولوں کی کھڑکیاں اور دروازے بند رکھنے، کلاس رومز کو صاف ستھرا رکھنے اور ہوا کی مناسب آمدورفت یقینی بنانے کا حکم دیا گیا ہے۔
محکمہ تعلیم نے سکولوں میں کچرے کو مناسب طریقے سے ٹھکانے لگانے کے انتظامات کرنے اور سانس و دل کے امراض میں مبتلا طلبہ کا ہنگامی طبی ریکارڈ مرتب کرنے کی بھی ہدایت کی ہے۔
اساتذہ کو پابند کیا گیا ہے کہ وہ طلبہ کی طبیعت خراب ہونے کی علامات پر فوری توجہ دیں جبکہ ہر ضلع میں محکمہ صحت سے رابطے کے لیے فوکل پرسن نامزد کیا جائے۔
ہدایت نامے میں تمام سکولوں کو ایئر کوالٹی انڈیکس (اے کیو آئی) کی روزانہ مانیٹرنگ کرنے اور اس کی صورتحال کے مطابق بروقت حفاظتی ہدایات جاری کرنے کا حکم بھی دیا گیا ہے۔
علاوہ ازیں سکولوں کو سموگ سے بچاؤ کے حوالے سے آگاہی سرگرمیوں کی تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر شیئر کرنے کی ہدایت کی گئی ہے تاکہ طلبہ، والدین اور عوام میں احتیاطی تدابیر سے متعلق شعور اجاگر کیا جا سکے۔
