(لاہور نیوز) پنجاب آرٹس کونسل اور بزمِ صوفیہ کے اشتراک سے صوفی ڈے کے موقع پر ’’صوفیانہ تعلیمات، امن، رواداری اور اخوت‘‘ کے عنوان سے سیمینار منعقد کیا گیا، جس میں محبت، برداشت، بھائی چارے اور معاشرتی ہم آہنگی کے فروغ پر زور دیا گیا۔
سیمینار کی صدارت ڈاکٹر طارق پیرزادہ نے کی، سیمینار میں صوفی بزرگوں کی تعلیمات کو عام کرنے، مختلف مذاہب اور طبقات کے درمیان باہمی احترام کو فروغ دینے اور نوجوان نسل کو صوفیانہ فکر کی انسان دوست روایات سے روشناس کرانے کی اہمیت پر گفتگو کی گئی۔
ڈاکٹر طارق پیرزادہ نے اپنے خطاب میں کہا کہ صوفیائے کرام نے ہمیشہ محبت، انسان دوستی، برداشت اور خدمتِ خلق کا درس دیا، ان کی تعلیمات معاشرتی تقسیم، نفرت اور عدم برداشت کے خاتمے اور پُرامن معاشرے کی تشکیل کے لیے آج بھی رہنمائی فراہم کرتی ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ صوفیانہ فکر انسان کی عزت، مذہبی و سماجی رواداری اور باہمی احترام پر مبنی معاشرے کی بنیاد فراہم کرتی ہے۔
محمد محبوب عالم چوہدری نے کہا کہ صوفی ڈے منانے کا مقصد صوفی بزرگوں کی محبت، امن، رواداری، اخوت اور انسانیت پر مبنی تعلیمات نئی نسل تک پہنچانا ہے، صوفیانہ فکر انسان کو کردار، عمل اور دوسروں کے لیے محبت کے ذریعے پہچانے جانے کا درس دیتی ہے۔
اُنہوں نے کہا کہ پنجاب کی تہذیب اور ثقافتی ورثے میں صوفیانہ روایات کو نمایاں مقام حاصل ہے۔ صوفی شعرا اور بزرگوں نے ہمیشہ انسانوں کو جوڑنے، باہمی احترام پیدا کرنے اور نفرت و تعصب سے دور رہنے کا پیغام دیا۔ ان تعلیمات کو روزمرہ زندگی میں اپنانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
تقریب کے دوران معروف صوفی گلوکار اسلم باہو نے صوفیانہ کلام پیش کیا، جس سے محفل کی روحانی اور ادبی فضا مزید مؤثر ہو گئی۔
