پٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کا مطالبات کی منظوری کیلئے حکومت کو 72 گھنٹے کا الٹی میٹم
(ویب ڈیسک) پاکستان پٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن نے اپنے مطالبات کی منظوری کیلئے حکومت کو 72 گھنٹے کا الٹی میٹم دے دیا۔
ایسوسی ایشن کے رہنما ملک خدا بخش نے کہا ہے کہ حکومت 72 گھنٹوں کے اندر پٹرولیم ڈیلرز کے مسائل حل کرے، بصورت دیگر ڈیلرز کیلئے پٹرول پمپس پر کاروبار جاری رکھنا ممکن نہیں ہو گا۔
ملک خدا بخش کے مطابق پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں روزانہ تبدیل کرنا قبول نہیں، حکومت کو قیمتوں میں تبدیلی کے طریقہ کار پر نظرثانی کرنا ہو گی۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ پٹرول پر ڈیلرز کا مارجن بڑھا کر 8 فیصد کیا جائے جبکہ کمپنیوں کی جانب سے ڈیلرز پر عائد ایلوکیشن بھی ختم کی جائیں۔
ملک خدا بخش کا کہنا تھا کہ پٹرولیم ڈیلرز حکومت سے رابطے میں ہیں، تاہم اب تک ان کے مسائل پر کوئی حتمی فیصلہ نہیں ہو سکا، ڈیلرز کا صبر کا پیمانہ لبریز ہو چکا ہے۔
ان کے مطابق حکومت کو 72 گھنٹے کا وقت دینے کا فیصلہ ایسوسی ایشن کی ایگزیکٹو کمیٹی نے کیا ہے، ملک بھر کے ڈیلرز کے اجلاس کے بعد حکومت کو الٹی میٹم دینے کا فیصلہ کیا گیا، جس میں ملک بھر سے ڈیلرز نے شرکت کی۔
ملک خدا بخش نے واضح کیا کہ اگر ڈیلرز کے مطالبات تسلیم نہ کئے گئے تو پٹرول پمپس پر کاروبار جاری رکھنا ممکن نہیں رہے گا۔
