22 May 2026
(لاہور نیوز) جماعت اسلامی کے امیر حافظ نعیم الرحمان کی اپیل پر آج نمازِ جمعہ کے بعد ملک بھر میں پٹرولیم لیوی اور اضافی ٹیکسوں کے خلاف احتجاجی مظاہرے کیے جائیں گے۔
جماعت اسلامی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ملک کے تمام چھوٹے بڑے شہروں میں احتجاج کیا جائے گا۔ حافظ نعیم الرحمان نے حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ حکومت پٹرول پر 117 روپے لیوی اور 50 روپے ٹیکس عائد کرکے غریب عوام پر اضافی بوجھ ڈال رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ جب تک عوام سڑکوں پر نہیں نکلیں گے، اشرافیہ اور آئی پی پیز مافیا ملک کو لوٹتے رہیں گے۔ امیر جماعت اسلامی نے تاجروں، صنعتکاروں، کسانوں، ٹرانسپورٹرز اور نوجوانوں سے مظاہروں میں بھرپور شرکت کی اپیل بھی کی۔
حافظ نعیم الرحمان کے مطابق آج کا احتجاج عید کے بعد شروع ہونے والی فیصلہ کن تحریک کا پہلا مرحلہ ہوگا۔
