(لاہور نیوز) صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) پنجاب نے مئی، جون اور جولائی کے دوران ممکنہ موسمی صورتحال کے پیش نظر متعلقہ محکموں کو مراسلہ جاری کر دیا۔
ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق آئندہ تین ماہ کے دوران صوبے میں معمول سے زیادہ بارشیں اور درجہ حرارت متوقع ہے۔ شمالی اور شمال مغربی پنجاب میں معمول سے زائد بارشوں کا امکان ظاہر کیا گیا ہے جبکہ مشرقی پنجاب میں بارشیں معمول سے کچھ کم رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ وسطی پنجاب کے علاقوں میں معمول کے مطابق بارشیں متوقع ہیں۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق مئی کے دوران صوبے بھر میں درجہ حرارت معمول سے زیادہ رہنے کا امکان ہے، جبکہ 7 سے 11 مئی تک پنجاب کے بیشتر اضلاع میں ہیٹ ویو اور شدید گرمی کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔
مراسلہ لوکل گورنمنٹ، ماحولیات، صحت، جنگلات، سیاحت، ٹرانسپورٹ اور تعلیم سمیت مختلف محکموں کو ارسال کیا گیا ہے، جبکہ کمشنرز، ڈپٹی کمشنرز، پولیس، واسا اور ریسکیو 1122 کو بھی الرٹ رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایات کے مطابق تمام ادارے ممکنہ موسمی صورتحال سے نمٹنے کیلئے پیشگی انتظامات مکمل کریں۔
