(لاہور نیوز) پولٹری مصنوعات کے نرخ ایک بار پھر عدم استحکام کا شکار ہو گئے، جس کے باعث صارفین کو مشکلات کا سامنا ہے۔
سرکاری نرخ نامے کے مطابق برائلر مرغی کی قیمت میں 8 روپے کمی ریکارڈ کی گئی ہے، جس کے بعد برائلر گوشت کی سرکاری قیمت 540 روپے فی کلو مقرر کی گئی ہے، تاہم مارکیٹ میں صافی گوشت 600 روپے فی کلو تک فروخت کیا جا رہا ہے، جو مقررہ نرخوں کی خلاف ورزی ہے۔
زندہ برائلر کی قیمت میں بھی 5 روپے کمی کی گئی ہے، فارم گیٹ پر زندہ برائلر کا ریٹ 345 روپے فی کلو مقرر کیا گیا ہے جبکہ ہول سیل سطح پر یہ 359 روپے فی کلو میں دستیاب ہے، پرچون مارکیٹ میں زندہ برائلر 373 روپے فی کلو فروخت ہو رہا ہے۔
دوسری جانب انڈوں کی قیمت میں استحکام دیکھا گیا ہے، انڈوں کی فی درجن قیمت 246 روپے پر برقرار ہے جبکہ ہول سیل مارکیٹ میں انڈوں کی پیٹی 7 ہزار 260 روپے مقرر کی گئی ہے۔
شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ متعلقہ ادارے قیمتوں پر کنٹرول یقینی بنائیں تاکہ مہنگائی کے اثرات کو کم کیا جا سکے۔
