(ویب ڈیسک) محکمہ داخلہ پنجاب نے عیدالفطر کے موقع پر امن و امان کے قیام کیلئے اہم ہدایات جاری کر دیں۔
محکمہ داخلہ نے کہا ہے کہ نماز عید کے دوران تین ٹئیرز پر مبنی فول پروف سکیورٹی انتظامات قینی بنائے جائیں گے، عبادت گاہوں کی کڑی نگرانی کی جائے گی اور اضافی اہلکار تعینات کئے جائیں گے، جبکہ عبادت گاہوں کیلئے ایک مرکزی داخلی دروازہ مقرر کیا جائے گا۔
اہم مقامات پر حفاظتی کٹس کے ساتھ خصوصی پکٹس قائم کئے جائیں گے اور خواتین نمازیوں کی حفاظت کیلئے لیڈی پولیس اہلکار بھی تعینات ہونگی، اس کے علاوہ سپیشل برانچ اور بم ڈسپوزل سکواڈز کے ذریعے ضروری آپریشنز مکمل کئے جائیں گے۔
محکمہ داخلہ نے ہدایت کی ہے کہ مناسب پارکنگ ایریاز پنڈال سے محفوظ فاصلے پر مختص کئے جائیں، مساجد اور امام بارگاہوں کے اطراف میں موثر کومبنگ آپریشنز کئے جائیں اور ہوٹلز، ریسٹورنٹس اور عید بازاروں کی سکیورٹی پر خصوصی توجہ دی جائے۔
اس کے علاوہ بین المذاہب ہم آہنگی برقرار رکھنے کیلئے متعلقہ رہنماؤں سے رابطے میں رہنا ضروری ہے، قابلِ اعتراض تقاریر یا لاؤڈ اسپیکر کے غلط استعمال پر فوری کارروائی کی جائے گی اور عبادت گاہوں کے اردگرد بھکاریوں اور مشکوک عناصر پر کڑی نظر رکھی جائے گی۔
محکمہ داخلہ نے ہدایت کی ہے کہ کالعدم تنظیموں اور فورتھ شیڈول میں شامل افراد کی سخت نگرانی کی جائے، عبادت گاہوں کے اطراف موثر ٹریفک پلان ترتیب دیا جائے اور پنجاب بھر میں آتشی اسلحے کی نمائش پر پابندی نافذ کی جائے۔
