ایمرجنسی سروسز میں دوسرے صوبوں کے ریسکیورز کی تربیت اعزاز ہے: ڈاکٹر رضوان نصیر
(لاہور نیوز) سیکریٹری ایمرجنسی سروسز ڈاکٹر رضوان نصیر نے کہا ہے کہ ایمرجنسی سروسز کی کامیابی معیاری تربیت پر منحصر ہے۔
سیکریٹری ایمرجنسی سروسز ڈاکٹر رضوان نصیر نے ایمرجنسی سروسز اکیڈمی کے انسٹرکٹر سٹاف سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اکیڈمی میں دوسرے صوبوں کے ریسکیورز کی تربیت ایک بڑا اعزاز ہے جو اس بات کا ثبوت ہے کہ اکیڈمی کی تربیت کا معیار بہت بلند ہے۔
ڈاکٹر رضوان نصیر نے کہا کہ ایمرجنسی سروسز کی کامیابی معیاری تربیت پر منحصر ہے اور انہوں نے انسٹرکٹرز کو ریسکیورز کی تربیت میں اپنی اہمیت کا احساس دلایا۔
سیکریٹری ایمرجنسی سروسز نے کہا کہ انسٹرکٹرز زیر تربیت ریسکیورز کیلئے رول ماڈل ہیں اور ان کی طرف سے دکھائے جانے والے نظم و ضبط کو سمجھنا اور اپنانا انتہائی ضروری ہے، دوران تربیت ریسکیورز کے نظم و ضبط پر کوئی کمپرومائز نہیں کیا جائے گا۔
ڈاکٹر رضوان نصیر نے اس بات پر زور دیا کہ ریسکیورز کی تربیت دور حاضر کے چیلنجز کے مطابق کرانا انسٹرکٹرز کی ذمہ داری ہے تاکہ وہ مستقبل میں درپیش ایمرجنسی صورتحال کا بہتر طریقے سے مقابلہ کر سکیں۔
