(لاہور نیوز) رواں سال کا دوسرا مکمل چاند گرہن آج رات ہوگا، پاکستان میں بھی مشاہدہ کیا جاسکے گا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آج (7 ستمبر) رات 8 بجکر 28 منٹ پر چاند کی روشنی مدہم ہونے لگے گی، جزوی چاند گرہن کا آغاز 9 بج کر 27 منٹ پر ہوگا، مکمل چاند گرہن 10 بج کر 31 منٹ پر شروع ہوگا، رات 11 بج کر 12 منٹ پر چاند گرہن اپنے عروج پر ہوگا۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ رات 11 بج کر 12 منٹ پر چاند گرہن اپنے عروج پر ہوگا، جبکہ جزوی گرہن 12 بج کر 57 منٹ پر ختم ہوگا، 8 ستمبر کی رات ایک بج کر 55 منٹ پر چاند گرہن مکمل اختتام کو پہنچ جائے گا۔
چاند گرہن کا مشاہدہ یورپ، ایشیا، آسٹریلیا، افریقہ، شمالی امریکا کے مغربی حصے، جنوبی امریکا کے مشرقی حصے میں کیا جا سکے گا۔علاوہ ازیں بحرالکاہل، بحرِ اوقیانوس، بحرِ ہند، آرکٹک اور انٹارکٹیکا میں بھی چاند گرہن دیکھا جا سکے گا۔
ماہرین فلکیات کے مطابق مکمل چاند گرہن اس وقت وقوع پذیر ہوتا ہے جب زمین سورج اور چاند کے درمیان آجاتی ہے اور زمین کا سایہ مکمل طور پر چاند کو ڈھانپ لیتا ہے، اس دوران چاند سرخی مائل یا تانبے جیسا رنگ اختیارکر لیتا ہے جسے “بلڈ مون” بھی کہا جاتا ہے۔
دوسری جانب محکمہ موسمیات نے مزید بتایا کہ 21 اور 22 ستمبر کو رواں سال کا دوسرا اور آخری جزوی سورج گرہن ہوگا، سورج گرہن آسٹریلیا کے جنوبی حصے بحرالکاہل، بحرِاوقیانوس اور انٹارکٹیکامیں دیکھا جا سکے گا تاہم سورج گرہن کا مشاہدہ پاکستان میں نہیں کیا جاسکے گا۔
