
(لاہور نیوز) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے "عوامی صحت کی مفت سہولیات" کے وژن کے تحت، کالج آف آفتھلمالوجی اینڈ الائیڈ ویژن سائنسز نے انسٹی ٹیوٹ آف آفٹھلمالوجی، میو ہسپتال لاہور میں چھ کامیاب کارنیا ٹرانسپلانٹ سرجریز مکمل کر لیں۔
ان قرنیہ سے ایسے مریضوں کی پیوند کاری کی گئی جو دونوں آنکھوں کے نابینا پن، قرنیہ کے داغ اور چوٹ کے بعد کی پیچیدگیوں میں مبتلا تھے۔
پروفیسر ڈاکٹر محمد معین اور پروفیسر آیمرائٹس ڈاکٹر اسد اسلم خان نے یہ سرجریز 1973 کے کنگ ایڈورڈ میڈیکل کالج کے سابق طالب علم ڈاکٹر مفیز چوہان اور ظفر اینڈ میر فاؤنڈیشن سے عطیہ کردہ قرنیہ جات کی مدد سے انجام دیں، یہ سلسلہ گزشتہ ماہ سے جاری ہے۔
پروفیسر ڈاکٹر محمد معین پرنسپل کالج آف آفتھلمالوجی اینڈ الائیڈ ویژن سائنسز کا کہنا ہے کہ آج کی چھ سرجریز غریب مریضوں کے لیے زندگی بدل دینے والا قدم ہیں۔
پروفیسر آیمرائٹس ڈاکٹر اسد اسلم خان نے کہا کہ ہر کارنیا ٹرانسپلانٹ کسی معذور شخص کو سماجی اور معاشی طور پر خودمختار بناتا ہے، بیرونِ ملک مقیم ہمارے ہیروز نے اس مقصد کو حقیقت بنانے میں کلیدی کردار ادا کیا۔