
(لاہور نیوز) برائلر مافیا نے ایک بار پھر اپنی اجارہ داری ثابت کرتے ہوئے عوام پر مہنگائی کا بم گرا دیا۔
مرغی کے گوشت کی قیمت میں 38 روپے فی کلو اضافہ کر دیا گیا، جس کے بعد برائلر گوشت کی نئی قیمت 533 روپے فی کلو تک پہنچ گئی۔
ذرائع کے مطابق زندہ برائلر کے نرخوں میں بھی ہوشربا اضافہ دیکھنے میں آیا ہے اور اس کی قیمت میں 26 روپے فی کلو اضافہ کر کے نئی قیمت 368 روپے فی کلو مقرر کر دی گئی۔
صرف گوشت ہی نہیں بلکہ فارمی انڈوں کی قیمت میں بھی ایک روپیہ فی درجن کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جس کے بعد نئی قیمت 251 روپے فی درجن ہو گئی ہے۔
عوامی حلقوں نے اس اچانک اضافے پر شدید ردعمل ظاہر کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ قیمتوں کو کنٹرول کرنے کیلئے فوری اقدامات کئے جائیں۔
صارفین کا کہنا ہے کہ روزمرہ کی ضروری اشیا پہلے ہی مہنگائی کی زد میں ہیں اور اب مرغی و انڈے جیسی بنیادی غذائیں بھی عام آدمی کی پہنچ سے باہر ہوتی جا رہی ہیں۔
دوسری جانب متعلقہ حکام کی خاموشی نے اس صورتحال کو مزید سنگین بنا دیا ہے، جس سے لگتا ہے کہ برائلر مافیا کو کھلی چھوٹ حاصل ہے۔