(محمد اشفاق) پولیس مقابلوں کیخلاف عدالتی انکوائری کیلئے لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کر لیا گیا۔
درخواست مقامی شہری محمد ندیم کی جانب سے دائر کی گئی ہے، جس میں حکومت پنجاب، آئی جی پنجاب، ہوم ڈیپارٹمنٹ کو فریق بنایا گیا ہے، درخواست گزار کا موقف ہے کہ پولیس مقابلے آئین اور عدالتی نظام کے خلاف ہیں، روزانہ کی بنیاد پر میڈیا میں پولیس مقابلے رپورٹ ہو رہے ہیں۔
درخواست میں مزید کہا گیا ہے کہ ہر پولیس مقابلے میں ساتھی کی فائرنگ سے ملزمان کی ہلاکتوں کی خبریں آرہی ہیں، پولیس مقابلے شفاف ٹرائل کے آئینی حق کی سنگین خلاف ورزی ہیں، استدعا ہے کہ عدالت آج تک ہونے والے تمام پولیس مقابلوں کا ریکارڈ طلب کرے اور تمام پولیس مقابلوں کی عدالتی انکوائری کے احکامات جاری کئے جائیں۔
درخواست میں یہ استدعا بھی کی گئی ہے کہ کرائم کنٹرول ڈیپارٹمنٹ کو فوری طور پر پولیس مقابلے روکنے اور انہیں غیر قانونی و غیر آئینی قرار دیا جائے۔
