
(لاہور نیوز) پنجاب کے نئے بجٹ میں گورنرہاؤس، وزیر اعلیٰ ہاؤس، صوبائی وزراء کے دفاتر اور پنجاب اسمبلی کے بجٹ میں بھی نمایاں اضافہ تجویز کیا گیا ہے۔
پنجاب حکومت کے گزشتہ روز پیش کئے گئے بجٹ کی دستاویزات کے مطابق صوبائی وزرا کے دفاتر کے بجٹ میں 204 فیصد، وزیر اعلیٰ آفس کے بجٹ میں 19فیصد اورپنجاب اسمبلی کے بجٹ میں 47 فیصد اضافہ کیا گیا، پنجاب بجٹ کی دستاویزات کے مطابق گورنر ہاؤس کا بجٹ ایک کروڑ 61 لاکھ سے بڑھا کر 15کروڑ 37 لاکھ کرنے کی تجویز پیش کی گئی ہے۔
وزیراعلیٰ کے سیکریٹریٹ کے بجٹ میں 23 کروڑ روپے کا اضافہ کیا گیا ہے۔ اس مجوزہ اضافے سے وزیراعلیٰ سیکریٹریٹ کا بجٹ ایک ارب 46 کروڑ روپے ہو جائے گا، صوبائی وزرا کے دفاتر کا بجٹ 35 کروڑ سے بڑھا کر ایک ارب روپے کردیا گیا ہے، پنجاب حکومت کے 5 ہزار ارب روپے سے زائد کے بجٹ میں سرکاری ملازموں کی تنخواہوں میں 10 فیصد اضافہ کیا گیا تھا۔
بجٹ دستاویزات کےمطابق پنجاب اسمبلی سیکریٹریٹ کا بجٹ 5 ارب ایک کروڑ 72 لاکھ سے بڑھا کر 7 ارب 38 کروڑ روپے تجویز کیا گیا ہے، پنجاب کے 41 کمشنر دفاتر کے بجٹ میں 2 کروڑ 81 لاکھ روپے اضافہ تجویز کیا گیا ہے جبکہ وزیراعلی انسپکشن ٹیم کا بجٹ 26 فیصد اضافے کے بعد 21 کروڑ 24 لاکھ روپے ہو جائے گا۔