
(لاہور نیوز) محکمہ بلدیات نے برتھ اور ڈیتھ رجسٹریشن کے نئے قواعد و ضوابط نافذ کر دیئے ہیں جن کا باقاعدہ نوٹیفکیشن پنجاب گزٹ میں جاری کر دیا گیا۔
نئے قوانین کے تحت سات سال تک کے بچوں کی پیدائش کی رجسٹریشن مکمل طور پر مفت ہو گی، اس اقدام کا مقصد رجسٹریشن کے عمل کو سادہ، شفاف اور عام شہریوں کی دسترس میں لانا ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق ایک سال تک کی عمر میں بچوں کی پیدائش کا اندراج متعلقہ یونین کونسل سیکرٹری کرے گا، ایک سے سات سال تک کے بچوں کا اندراج اسسٹنٹ ڈائریکٹر کے دائرہ اختیار میں ہو گا، سات سال سے زائد عمر کے افراد کا اندراج ڈپٹی ڈائریکٹر کی منظوری سے کیا جائے گا۔
دوسری جانب نادرا نے بھی شہریوں کو سہولت فراہم کرتے ہوئے پیدائش، اموات اور ازدواجی حیثیت میں تبدیلی کی رجسٹریشن کے لئے موبائل ایپلیکیشن متعارف کرا دی ہے، نادرا ترجمان کے مطابق اس ایپ کے ذریعے شہری گھر بیٹھے زندگی کے اہم واقعات کا اندراج کرا سکیں گے۔
ایپ کا آغاز ابتدائی طور پر پنجاب سے کیا گیا ہے، یونین کونسلوں میں بائیو میٹرک تصدیق کی سہولت بھی فراہم کی جا رہی ہے، اسلام آباد کی یونین کونسلز میں نادرا ون ونڈو کاؤنٹرز بھی قائم کئے جا رہے ہیں۔