
(لاہور نیوز) وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ صوبے میں تجاوزات کے خلاف 90 فیصد کام مکمل ہو چکا ہے۔
لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا تجاوزات کے خلاف مہم کئی ادوار میں شروع ہوئیں لیکن مکمل نہ ہوئیں، شہریوں کو تجاوزات کی وجہ سے مشکلات پیش آتی ہیں، اب پنجاب کے ہر ضلع کے بازاروں کے اندر گاڑی نہیں جائے گی، دکانوں سے کئی کئی فٹ آگے بڑھائی گئی تجاوزات کو ہٹایا گیا ہے۔
انہوں نے کہا لوگوں نے خود بھی تجاوزات کو ختم کیا ہے، تجاوزات کا خاتمہ کرکے بازاروں کو کھلا اور وسیع کر دیا گیا ہے، دیہاتوں اور چھوٹی تحصیلوں میں بھی تجاوزات کے خلاف مہم جاری ہے، بازاروں میں داخلے کیلئے الیکٹرک کارٹس متعارف کرائی جائیں گی۔
وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا وزیراعلیٰ مریم نواز نے اربن پلانٹیشن کا حکم دیا ہے، وزیراعلیٰ مریم نواز ہر وہ پراجیکٹ شروع کرتی ہیں جو کسی نے نہیں کیا ہوتا، پنجاب میں بہت سارے وزیراعلیٰ رہے لیکن کسی نے ستھرا پنجاب پروگرام شروع نہیں کیا، کل وزیراعلیٰ مریم نواز کی زیر صدارت 6 گھنٹے کی طویل میٹنگ ہوئی، پنجاب کا نیا اے ڈی پی آ رہا ہے، وزیراعلیٰ مریم نواز نے خود اس کی منظوری دی، مختلف شہروں میں پارکنگ پلازہ بھی بنائے جا رہے ہیں۔
عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا 3ارب 42 کروڑ روپے کے قرض صرف خواتین کو دیئے گئے، 6ہزار 753 خواتین نے کاروبار کیلئے قرض حاصل کیا ہے، 57ہزار 913 نئے کاروبار شروع ہوئے، یہ بھی اپنی تاریخ کا نیا ریکارڈ ہے، 57ہزار سے زائد لوگوں نے آسان کاروبار سکیم کے تحت کاروبار شروع کر دیا ہے، 3ماہ میں 1 لاکھ 7 ہزار سے زائد لوگوں کو 61 ارب روپے جاری کئے گئے۔