
(لاہور نیوز) واہگہ بارڈر لاہور پر جشنِ فتح، رینجرز کے جوانوں پر پھول نچھاور جبکہ گیڈر بھبکیاں دینے والا بھارت پریڈ سے بھی بھاگ نکلا۔
واہگہ بارڈر لاہور پر جمع ہونے والے شرکاء میں نوجوانوں، بزرگوں، خواتین اور بچوں کی بڑی تعداد شامل تھی جو سبز ہلالی پرچم اٹھائے، وطن سے محبت کے جذبے سے سرشار نظر آئے، اگرچہ پاکستان اسٹیڈیم ابھی زیرتعمیر ہے اور عوام کی شرکت محدود ہوتی ہے تاہم اس روز واہگہ بارڈر پر انسانوں کا سمندر امڈ آیا، گویا پوری قوم اپنی فوج کے شانہ بشانہ کھڑی تھی۔
پریڈ کے اختتام پر شہریوں نے پاکستان رینجرز پنجاب کے جانبازوں پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں، انہیں پھولوں کے ہار پہنائے اور بار بار "ہمیں تم پر ناز ہے" کے نعرے لگائے، بزرگ خواتین نے جوانوں کے ماتھے چوم کر ان کی قربانیوں اور استقامت کو خراج تحسین پیش کیا۔
دوسری جانب واہگہ بارڈر میں اس دوران بھارتی سائیڈ پر مکمل سناٹا چھایا رہا، دشمن کا اسٹیڈیم خالی رہا، بی ایس ایف انڈیا کے جوان پریڈ میں شریک نہیں ہوئے، صرف خاموشی سے ترنگا اتارا گیا، یہ منظر خود گواہ تھا کہ بھارتی فوج اور قیادت خوف زدہ ہے اور عوام کو بھی پریڈ میں شرکت سے روک دیا گیا۔