(لاہور نیوز) وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ پاک بھارت کشیدگی بارے اگلے 24 سے 36 گھنٹے اہم ہیں۔
وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مستنداطلاعات ہیں بھارت پاکستان کیخلاف فوجی کارروائی کا ارادہ رکھتا ہے، بھارت کی طرف سے کسی بھی مہم جوئی پر یقینی اور فیصلہ کن کارروائی ہوگی۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ پاکستان دنیا میں کسی بھی شکل میں دہشت گردی کی سخت مذمت کرتا ہے، پاکستان بھارت کا خطے میں مدعی، منصف اور جلاد کا خود ساختہ کردار سختی سے مسترد کرتا ہے، بھارت کے اقدامات خطے میں مزید کشیدگی کو جنم دیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان نے بھارت کو شفاف، آزادانہ اور غیرجانبدارانہ تحقیقات کی پیشکش کی ہے، جنگ سے ہونے والے نقصانات کی ذمہ داری بھارت پر عائد ہو گی، بھارت کی کسی قسم کی کارروائی کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔
عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ پہلگام واقعہ کو بنیاد بنا کر پاکستان پر حملے کی کوشش کا نتیجہ اچھا نہیں ہوگا۔
