(ویب ڈیسک)بابر اعظم اور محمد رضوان ماہانہ 65 لاکھ 70 ہزار روپے وصول کریں گے، میچ فیس وغیرہ الگ ہے۔
تفصیلات کے مطابق کافی تاخیر سے پی سی بی نے گزشتہ دنوں سینٹرل کنٹریکٹ پانے والے قومی کرکٹرز کا اعلان کیا،ان میں فخرزمان، امام الحق، سرفراز احمد و کئی دیگر اہم نام شامل نہیں ہیں،بورڈنے آسٹریلیا روانگی سے قبل کھلاڑیوں سے معاہدے پر دستخط نہیں کرائے،البتہ ای میل پر منظوری لینے کا پلان ہے۔
نئے معاہدوں میں کھلاڑیوں کی سابقہ میچ فیس اور ماہانہ تنخواہ تو برقرار رہی، البتہ گزشتہ برس ہی طے شدہ فارمولے کے تحت آئی سی سی شیئر کی رقم میں تھوڑا اضافہ ہوگیا، ٹیسٹ میچ کھیلنے کا معاوضہ12 لاکھ 57 ہزار 795 ہے، ون ڈے انٹرنیشنل فیس 6 لاکھ 44 ہزار620 جبکہ ٹی ٹوئنٹی فیس 4 لاکھ 18 ہزار 584 روپے ہے۔
اے کیٹیگری میں شامل بابراعظم اور محمد رضوان کو ماہانہ45 لاکھ روپے کنٹریکٹ کے ملیں گے ، 2024-25کی آئی سی سی آمدنی کا 3 فیصد حصہ بڑھ کر 20 لاکھ 70 ہزار ماہانہ ہو گیا، پہلے15لاکھ 30 ہزار ملتے تھے، یوں رواں دورانیے میں ماہانہ 65 لاکھ 70 ہزار روپے ان کے اکاؤنٹ میں منتقل ہوتے رہیں گے۔