(لاہور نیوز) چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ رسول پاکؐ نے مثالی اسلامی معاشرے کی بنیاد رکھی۔
اسلام آباد میں سیرت النبیؐ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے یوسف رضا گیلانی کا کہنا تھا کہ سب کو اس کانفرنس میں خوش آمدید کہتا ہوں، اسلام ایک مکمل ضابطہ حیات ہے جبکہ حصول علم کو ہر مسلمان پر فرض کیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اسلام ہمیں زندگی کیلئے رہنما اصول فراہم کرتا ہے، نبی پاکؐ کی ذات طیبہ ہمارے لیے زندگی بسر کرنے کا بہترین نمونہ ہے، اللہ نے رسول پاکؐ کو امت کیلئے معلم بنا کر بھیجا، مقاصدکا حصول علم کے بغیر ممکن نہیں۔
یوسف رضا گیلانی کا کہنا تھا کہ رسول پاکؐ نے مثالی اسلامی معاشرے کی بنیاد رکھی، اللہ نے قرآن مجید کے نزول کا آغاز ہی اقرا سے کیا، نبی پاکؐ نے جنگی قیدیوں کی آزادی کیلئے تعلیم دینے کی شرط رکھی گئی، تعلیم اسلامی معاشرے کا بنیادی جز ہے۔
چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ اپنے شہریوں کی تعلیم کا بندوبست کرنا اسلامی ریاست کے فرائض میں شامل ہے، اللہ نے رسول پاک ؐ کو اخلاق کی اعلیٰ قدروں کی تکمیل کیلئے بھیجا، آخر میں والدین کو نصیحت کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ اپنے بچوں میں دیانتداری، صداقت، عہد کی پابندی اور والدین سے حسن وسلوک کو اجاگر کیا جائے۔