(لاہور نیوز) لاہور ہائیکورٹ نے الیکشن ترمیمی ایکٹ 2024 کے خلاف دائر متفرق درخواست پر وفاقی حکومت سمیت دیگر کو نوٹسز جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا۔
لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شکیل احمد نے شہری منیر احمد کی درخواست پر سماعت کی۔
وفاقی حکومت کے وکیل نے درخواست کی مخالفت کی جبکہ درخواست گزار کی جانب سے مؤقف اختیار کیا گیا کہ ایکٹ کے ذریعے سپریم کورٹ کے مخصوص نشستوں کے فیصلے کو ختم کرنے کی کوشش کی گئی ہے، الیکشن ترمیمی ایکٹ 2024 کا اطلاق ماضی سے نہیں ہو سکتا، ایکٹ کو غیر آئینی قرار دیا جائے۔
درخواست میں حتمی فیصلے تک پی ٹی آئی کے علاوہ کسی دوسری جماعت کو مخصوص نشستیں دینے سے روکنے کی استدعا بھی کی گئی ہے۔
دوران سماعت ایڈووکیٹ اظہر صدیق نے مؤقف اختیار کیا کہ الیکشن ترمیمی ایکٹ کے خلاف سپریم کورٹ میں درخواست بطور اعتراض موجود ہے جبکہ لاہور ہائیکورٹ میں درخواست قابل سماعت ہے۔
الیکشن ترمیمی ایکٹ 2024 کے خلاف دائر متفرق درخواست پر لاہور ہائیکورٹ نے وفاقی حکومت سمیت دیگر کو نوٹسز جاری کرتے ہوئے 23 اگست تک جواب طلب کر لیا۔