(لاہور نیوز) ٹی ایچ کیو ہسپتال میں ایوننگ شفٹ میں او پی ڈی شروع کرنے کا اعلان کر دیا گیا۔
صوبائی وزیر صحت خواجہ عمران نذیر ٹی ایچ کیو ہسپتال مری کے بچہ، نرسری، ایمرجنسی اور میڈیکل وارڈز میں گئے، مریضوں سے علاج معالجہ سے متعلق پوچھا، خواجہ عمران نذیر نے ہسپتال میں صفائی کے انتظامات، فارمیسی اور آپریشن تھیٹر کا بھی معائنہ کیا۔
اس دوران سی ای او ہیلتھ راولپنڈی ڈاکٹر اعجاز گلو اور ایم ایس ڈاکٹر نیاز علی نے صوبائی وزیر صحت کو ہسپتال میں دستیاب طبی سہولیات سے آگاہ کیا، ایم ایس نے صوبائی وزیر صحت کو ڈاکٹرز کی رہائش کے مسائل سے بھی آگاہ کیا۔
صوبائی وزیر صحت خواجہ عمران نذیر نے ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا سی ای او ہیلتھ، ایم ایس ملکر ڈاکٹرز کے رہائش کے حوالے سے ایک سکیم تیار کریں، ڈاکٹرز سمیت دیگر عملہ کے رہائشی مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جائیں گے۔
انہوں نے کہا شہریوں کی سہولت کے لئے ہسپتال کی توسیع کی جائیگی، ملحقہ پلاٹ بھی ہسپتال کا حصہ بنایا جائیگا۔