(ویب ڈیسک) صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
وزیراعظم شہبازشریف نے ملک میں ایک روزہ قومی سوگ کا اعلان کیا ، انہوں نے اپنے تعزیتی بیان میں کہا کہ ایرانی صدر کے ہیلی کاپٹر حادثے کے بعد مثبت خبر کا منتظر تھا مگر ایسا نہ ہوا، اس المناک نقصان پر پاکستانی قوم اور حکومت کی جانب سے ایران سے افسوس اور اظہارِ تعزیت کرتا ہوں۔
وزیراعظم نے کہا کہ اللہ شہادت کا رتبہ پانے والوں کو جنت الفردوس میں مقام عطا کرے، ایرانی قوم اپنی روایتی جرات سے اس عظیم صدمے کو برداشت کرے گی۔
عالم اسلام ایک عظیم رہنما سے محروم ہوگیا : صدر آصف علی زرداری
صدر آصف علی زرداری نے ایرانی صدر سید ابراہیم رئیسی کی وفات پر گہرے صدمے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ عالم اسلام ایک عظیم رہنما سے محروم ہو گیا، ایرانی صدر فلسطینی اور کشمیری عوام سمیت عالمی سطح پر مسلمانوں کے درد کو دل سے محسوس کرتے تھے، آج پاکستان ایک عظیم دوست کو کھو دینے پر سوگوار ہے۔
صدر مملکت نے ایرانی صدر، وزیر خارجہ اور جاں بحق دیگر افراد کے سوگواران سے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پچھلے ماہ ہمیں پاکستان میں ان کی میزبانی کا اعزاز حاصل ہوا، ہماری گفتگو کے دوران، میں نے انہیں دو طرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے کیلئے پرعزم پایا، آغا رئیسی ہمیشہ پاکستان اور اسکے عوام کو خاص مقام دیتےتھے ،ان کا انتقال نا صرف ایران بلکہ پوری امت مسلمہ کے لیے ایک بڑا نقصان ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ صدر رئیسی کو علاقائی اور اسلامی ممالک کے ساتھ تعلقات بڑھانے کی کوششوں پر ایران، پاکستان اور عالم اسلام میں یاد رکھا جائے گا، اللہ تعالیٰ ان کی روح کو سکون عطا فرمائے، ناقابل تلافی نقصان کی اس گھڑی میں ان کے اہل خانہ اور ایران کے عوام کو صبر و استقامت عطا فرمائے۔