(ویب ڈیسک) سابق وفاقی وزیر فواد چودھری نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی چھوڑی نہیں، چھوڑ کر جانے والے واپس آتے ہیں۔
عدالت پیشی کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فواد چودھری کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت کی کوئی ساخت نہیں، فارم 47 پر کھڑی ہے، مولانا نے فیصلہ کر لیا کہ حکومت پٹے گی، اگر پی ٹی آئی اور مولانا اکٹھے ہوگئے تو یہ حکومت تین چار ماہ سے زیادہ نہیں چلے گی۔
انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی یا مولانا صاحب نے کسی کے ساتھ نہیں بیٹھنا ،اپنے اپنے اصولوں پر رہنا ہے، یہ حکومت دھاندلی سے آئی ہے، ہم مشکل صورتحال سے گزر رہے ہیں، چاہتے ہیں تلخیاں کم ہوں۔
سابق وزیر کا کہنا تھا ہماری کہانی ابھی آئی نہیں، کہانی ان کی آئی جو ٹی وی پر بات کر سکتے ہیں، ہماری باری آئے گی تو ہم اپنی کہانی سنائیں گے۔
فواد چودھری نے مزید کہا کہ سب دوستوں سے مل کر بڑی خوشی ہوئی ہے، اللہ سب کے اوپر آسانیاں کرے، اللہ کرے ہم ایک نارمل صورتحال کی جانب بڑھیں۔