(ویب ڈیسک) وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہا کہ امید ہے کہ 9 مئی کے مقدمات جلد منطقی انجام کو پہنچیں گے۔
پریس کانفرنس کرتے ہوئے عطا تارڑ نے کہا کہ جن کے جرائم سنگین نہیں تھے انہیں عدالت سے ریلیف مل گیا ، فیض آباد دھرنا کمیشن پر کابینہ اجلاس میں کوئی بات نہیں ہوئی، اپوزیشن ہمارا ساتھ دے لیکن " میں نا مانوں" کی سیاست نہیں چل سکتی، ان کیسز پر توجہ دیں جو آپ کے رہنما بھگت رہے ہیں، اپوزیشن کی تحریک زور نہیں پکڑ پائے گی، جو سفر ہم نے ترقی کا شروع کیا وہ جاری و ساری رہے گا۔
انہوں نے کہا سعودی عرب کا دورہ خوش آئند اور کامیاب رہا ، ہماری خارجہ پالیسی کامیابی سے آگے بڑھ رہی ہے ، جس سنجیدگی سے دوست ممالک پاکستان کے ساتھ معاملات پر بات کر رہے ہیں وہ پاکستان کی خارجہ پالیسی کا نیا باب ہے۔
انہوں نے بتایا کہ پاکستانی معیشت کی بہتری کی رپورٹس آرہی ہیں ، کہا جارہا ہے کہ حکومت معیشت کی بہتری کے لئے کردار ادا کر رہی ہے اور اس کے ثمرات عوام تک پہنچیں گے، پاکستان سٹاک مارکیٹ سابق ریکارڈ توڑ رہی ہے۔
عطا تارڑ نے کہا کہ سعودی عرب سے ایک نجی سیکٹر کا بھی وفد آئے گا، ان کے دورہ کو سہولت دی جائے گی اور جب وہ ہمارے سیکٹرز کے ساتھ کام کریں گے تو یہ معیشت کے لئے بڑا قدم ہو گا۔