06 Apr 2024
(لاہور نیوز) صوبائی دارالحکومت لاہور میں چھتیں گرنے کے 2 مختلف واقعات میں ایک بچی سمیت 2 افراد جاں بحق جبکہ کمسن بچی شدید زخمی ہو گئی۔
تفصیلات کے مطابق چھت گرنے کا افسوسناک واقعہ لاہور کے علاقے جلو موڑ کے قریب گھر میں آگ لگنے کے باعث پیش آیا، چھت گرنے کی وجہ سے دو بہنیں ملبے تلے دب گئیں جن میں سے 8 سالہ علینہ موقع پر دم توڑ گئی۔
واقعے کی اطلاع ملنے کے بعد ریسکیو ٹیم موقع پر پہنچ گئی، لاش اور زخمی بچی کو سروسز ہسپتال منتقل کر دیا جہاں زخمی ہونے والی 10 سالہ عمیرہ کو طبی امداد دی جا رہی ہے، پولیس نے واقعے کی تفتیش بھی شروع کر دی ہے۔
دوسری جانب صوبائی دارالحکومت کے علاقے بند روڈ پر کھوکھر ٹاؤن میں جوتے بنانے والی فیکٹری میں آتشزدگی کی وجہ سے عمارت کا ایک حصہ گر گیا، ملبے تلے دب کر ایک شخص جان کی بازی ہار گیا، لاش ہسپتال منتقل کر دی۔