(لاہور نیوز) وزیر تعلیم پنجاب رانا سکندر حیات کا کہنا ہے نقل مافیا ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکیں گے۔
نقل مافیا کے سامنے وزیر تعلیم پنجاب رانا سکندر حیات ڈٹ گئے، ان کا کہنا ہے وزیر اعلیٰ مریم نواز کی ہدایت پر نقل مافیا کے خلاف آپریشن جاری ہے، میں فروخت ہونے والا نہیں ہوں، بچوں کے محفوظ مستقبل کے لئے کام کو عبادت سمجھتا ہوں، کیوں کیمرے امتحانی مراکز میں نہیں لگائے گئے؟ کس نے پانچ سو لوگوں کو بھرتی کیا؟ پرائیویٹ کمپنیاں بنا کر لوٹ مار کی،محکمہ تعلیم افسران سے گزارش ہے کہ وہ بچوں کے مستقبل سے نہ کھیلیں، سکول مافیا کی دھمکیوں سے نہیں ڈرتا ان کا مقابلہ کروں گا، نام کا بھی سکندر ہوں۔
کتابوں کی کمی پر وزیر تعلیم پنجاب رانا سکندر حیات نے کہا کنٹریکٹرز کو آٹھ ماہ کی پرنٹنگ کا کس نے کہا؟ سب سے پہلے پرفارمنس آڈٹ سامنے لائیں گے، ڈیلی ویجز کا تعلیم کے اداروں میں کیا کام ہے، دو دن میں مافیا کو بے نقاب کریں گے۔
وزیر تعلیم پنجاب نے واضح کیا جو مافیا کرپٹ ہو گا اور کرپشن سے پیسہ کمایا ہو گا، اسے گرفتار کریں گے۔