(لاہور نیوز) اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) کی جانب سے منشیات سمگلنگ کے خلاف کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے، ملک گیر کارروائیوں میں 20 کلو سے زائد منشیات برآمد جبکہ 7 ملزمان گرفتارکرلیے گئے۔
ترجمان اے این ایف کے مطابق راولپنڈی کوریئر آفس میں بیرون اور اندرون ملک جانے اور آنے والے 6 پارسلز سے 755 گرام ویڈ برآمدکرلی ، کراچی ایئرپورٹ پر ڈھاکہ جانے والے بنگلادیشی باشندے سے 740 زینیکس گولیاں برآمدکرلی گئیں۔
ترجمان کاکہنا ہے کہ کوئٹہ کے دو مختلف علاقوں میں تین ملزمان سے 12 کلو آئس برآمدکرلی گئی ، جامشورو حیدرآباد میں ملزم سے 4.5 کلو افیون برآمدکی گئی۔
ترجمان کے مطابق ایک اور کارروائی سخی سرور روڈ ڈیرہ غازی خان میں کی گئی جہاں ملزم سے 2 کلو آئس برآمدکی گئی جبکہ فیصل آباد میں ملزم سے 1.2 کلو چرس برآمدکرلی گئی۔
ترجمان کے مطابق گرفتار ملزمان کے خلاف انسدادِمنشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کرلیے گئے ہیں۔