(لاہور نیوز)پنجاب کی سینئر وزیر مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ سموگ کے خاتمے، ماحولیات سے متعلق قانون سازی اور قوانین کی بہتری پر کام کررہے ہیں۔
امریکی قونصل جنرل کرسٹن ہاکنز کی قیادت میں وفد نے سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب سے ملاقات کی، ملاقات میں تعلیم، صحت عامہ، ماحولیات سمیت دیگر شعبوں میں تعاون اور دوطرفہ تعلقات کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
سینئر صوبائی وزیر نے وزیراعلیٰ مریم نواز کے گرین وستھرا پنجاب، ڈیٹا اتھارٹی سمیت مختلف شعبوں میں بہتری کے ایجنڈے پر امریکی وفد کو بریف کیا۔
مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ تعلیمی نصاب میں بھی ماحولیاتی بہتری کے مضامین شامل کئے جارہے ہیں، پنجاب کو پاکستان کا پہلا ڈیجیٹل صوبہ بنارہے ہیں، 40 سے زائد خدمات گھر کی دہلیز پر فراہم کریں گے۔
وفد نے وزیراعلیٰ مریم نواز کے ماحولیات اور اصلاحات کے ایجنڈے میں تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ سموگ اور ماحولیاتی مسائل سے نمٹنے میں امریکہ پنجاب حکومت کا ساتھ دے گا۔