27 Mar 2024
(لاہور نیوز) انسداد دہشت گردی عدالت نے9 مئی کو تھانہ شادمان حملہ کیس میں پی ٹی آئی رہنما عالیہ حمزہ اور صنم جاوید کی درخواست ضمانت منظور کرلی۔
لاہور کی انسداد دہشت گردی کی عدالت میں 9 مقدمات کی سماعت ہوئی، اے ٹی سی کے جج ارشد جاوید نے تھانہ شادمان حملہ کیس میں عالیہ حمزہ اور صنم جاوید کی درخواست ضمانت پر سماعت کی۔
دوران سماعت پراسیکیوٹر نے مؤقف اپنایا کہ خواتین 9 مئی واقعات میں ریاست مخالف سازش کا حصہ ہیں ، استدعا ہے عدالت خواتین ملزموں کی ضمانت خارج کرنے کا حکم دے۔
انسداد دہشت گردی کی عدالت نے تھانہ شادمان حملہ کیس میں صنم جاوید اور عالیہ حمزہ کی درخواست ضمانت پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔
بعدازاں عدالت نے محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے دونوں خواتین ملزمان صنم جاوید اور عالیہ حمزہ کی ضمانت کی درخواست منظور کرلی۔